انڈیا میں دنیا کے سب بڑے کرکٹ سٹیڈیم موٹیرا کا نام بدل کر اب انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر رکھ دیا گیا ہے۔

انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند نے ریاست گجرات کے احمد آباد شہر میں موٹیرا کے کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم میلبرن کرکٹ سٹیڈیم تھا جہاں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی   گنجائش ہے جبکہ نریندر مودی سٹیڈیم میں ایک لاکھ دس ہزار شائقین کی گنجائش ہے


پہلے اس موٹیرا سٹیڈیم کا نام سردار پٹیل اسٹیڈیم رکھا گیا تھا لیکن اب اسے بدل کر نریندرمودی کرکٹ سٹیڈیم کر دیا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا پر اس کے متعلق گرما گرم مباحثہ جاری ہے اور موٹیرا کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ نریندر مودی سٹیڈیم بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

موٹیرا سٹیڈیم 63 ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہو ہے جس میں داخل ہونے کے چار راستے ہیں۔ اس میں کئی ڈریسنگ روم، انڈور اور آوٹ ڈور پِچ ہیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی رہائش کے لیے ایک بڑا ہال ہے جس میں ایک وقت میں 40 کھلاڑی رہ سکتے ہیں۔ جبکہ کوچز، فیزیوتھیریپسٹس اور ٹرینرز کی رہائش کا علیحدہ انتظام ہے۔

اس سٹیڈیم کی تعمیر پر آٹھ ارب انڈین روپے خرچ ہوئے ہیں۔ سنہ 2015 میں شروع ہونے والی تعمیرِ نو سے پہلے اس سٹیڈیم میں 54 ہزار شائقین کی گنجائش تھی۔

سٹیڈیم کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہر جانب سے بغیر کسی رکاوٹ کے پِچ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ پانی کی نکاسی کا جدید نظام بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے بارش کی صورت میں گراؤنڈ کے جلدی سوکھنے میں مدد ملے گی اور میچوں کے منسوخ ہونے کا خدشہ کم ہو جائے گا۔